
اسلام آباد:
وزیراعظم شہباز شریف نے بہارہ کہو فلائی اوور واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو اس حوالے سے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی اور غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا۔
اپنے ایک پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے مزدوروں کے سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا۔ انہوں نے واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔ زیر تعمیر بہارہ کہو بائی پاس فلائی اوور کا شٹرنگ ہفتے کی صبح منہدم ہونے سے کم از کم دو مزدور ہلاک اور تین زخمی ہو گئے، جس سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ریسکیو ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر تین مزدوروں کو ملبے سے نکالا۔ 5.6 کلومیٹر طویل بہارہ کہو بائی پاس، جس میں 1 کلومیٹر کا فلائی اوور بھی شامل ہے، مری روڈ مالپور سے شروع ہوتا ہے اور جوگی بس اسٹاپ کے قریب مری روڈ پر اختتام پذیر ہوتا ہے جہاں سے یہ فلائی اوور مری کی طرف مقامی بازار کے اختتام تک شروع ہوتا ہے۔