قرآنی تعلیمات سے آگاہی کے لئے ساہیوال آرٹس کونسل میں خطاطی کے فن پاروں کی نمائش کا اہتمام

www.akhtarsardar.com

ساہیوال(نامہ نگار )عشرہ رحمت اللعالمین کی تقریبات کے سلسلے میں خطاطی کے ذریعے قرآنی تعلیمات سے آگاہی کے لئے ساہیوال آرٹس کونسل میں خطاطی کے فن پاروں کی نمائش کا اہتمام کیا گیا جس میں معروف خطاط محمد یونس انصاری کے خطاطی کے فن پارے سجائے گئے۔

طلبہ کی قرآن فہمی کے لئے سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر محمد ارشد کی طرف سے گورنمنٹ ہائی سکول کے طلبہ کو نمائش دکھانے کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔ ڈائریکٹر آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی،ڈی او سکینڈری خادم حسین موہل اور ڈپٹی ڈی او نوید عظمت بھی ان کے ہمراہ تھے۔

طلبہ نے رکھے گئے تمام فن پاروں میں خصوصی دلچسپی لی جس دوران انہیں ہر فن پارے پر لکھی گئی آیت کی معانی بھی بتائے گئے۔ سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر محمد ارشد نے ساہیوال آرٹس کونسل کی اس کاوش کو سراہا اور کہا کہ خطاطی کا فن مسلمانوں کی میراث ہے جس کے ذریعے دنیا کو قرآن شناسی کے لئے بڑی مدد لی جا سکتی ہے۔

انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم بھی حاصل کریں تاکہ ان کی متوازن شخصیت سازی ہو سکے۔

اپنی رائے کا اظہار کریں