چہرے کے مطابق میک اپ خوبصورتی کا راز تحریر : فاطمہ نعیم

چہرے کے مطابق میک اپ خوبصورتی کا راز تحریر : فاطمہ نعیم

اچھا میک اپ تب ہی ہو سکتا ہے اگر آپ چہرے کو مدنظر رکھ کر میک اپ کریں۔ بناوٹ کے لحاظ سے چہروں کی کئی اقسام ہیں مثلاً گول چہرہ،لمبا چہرہ، پتلا چہرہ اور کتابی چہرہ۔ ان مختلف چہروں پر میک اپ کے انداز بھی مختلف ہوتے ہیں۔

 

گول چہرہ خوبصورت اور حسین سمجھا جاتا ہے لیکن اس پر میک اپ کے لئے احتیاط کی ضرورت ہے ، میک اپ کے لئے بالوں کے اسٹائل سے بہت مدد ملتی ہے۔ اس لئے بالوں کو ڈھیلا رکھیں اور کھینچ کر نہ باندھیں بالوں کی لٹیں دونوں طرف تھوڑی تھوڑی نکال لیں۔ اگر مانگ چوڑی ہے تو اوپر کی طرف بال بنائیں۔ اگر گردن لمبی ہے تو سیدھی مانگ نہ نکالیں۔

 

ناک چھوٹی یا چپٹی ہے تو ناک کے اوپر کی ہڈی پر ہلکا ہلکا پاؤڈر لگا کر اسے ذرا نمایاں کریں۔ناک کے دونوں اطراف پر ڈارک شیڈ میں پاؤڈر لگا دیں۔اس طرح نا ک اونچی نظر آئے گی،اگر آپ چہرے کی گولائی کو کم کرنے کی خواہاں ہیں تو اس کے لئے آپ کو تھوڑی سی محنت کرنی پڑے گی۔

 

 

یعنی میک اپ سے پہلے چہرے کے کناروں یعنی جبڑوں کے درمیان شیڈ دینا ہوگا۔چہرے کی کنٹورنگ کریں ، اس طرح چہرے کا گول حصہ قدرے دب جائے گا۔ یہ کام آسان نہیں اس کے لئے کافی پریکٹس کرنے کی ضرورت ہے تب کہیں جا کر آپ اپنے گول چہرے کی گولائی کم کرنے میں کامیاب ہو سکیں گی۔

 

اس کے علاوہ بلشر بھی رخساروں کی ہڈی سے نیچے کی طرف لمبائی میں لگائیں۔اس طرح ٹھوڑی پر بلشر چوڑائی میں لگائیں گول فریم کا چشمہ ہرگز نہ لگائیں بلکہ چوڑا اور اوپر کو اٹھا ہو فریم استعمال کریں۔

 

 

 

تکون چہرے کے ساتھ کشادہ پیشانی اور ٹھوڑی خوبصورت سمجھی جاتی ہے ، چہرے پر معمولی بنیادی میک اپ کریں۔پھر پیشانی کو ذرا گہرا کریں تاکہ اس کی چوڑائی کم معلوم ہواور جبڑوں کی لائن پر تیز میک اپ کریں چہرے کے تنگ حصے اور چوڑی پیشانی کو برابر رکھنے کے لیے بالوں کا ایک گچھا ماتھے پر ڈالنے سے بھی پیشانی کی چوڑائی کم معلوم ہوگی۔مانگ سیدھی نہ نکالیں بلکہ ٹیڑھی نکالیں اور جبڑوں کی لائن کو نمایاں کریں۔

 

اگر آپ کی آنکھیں چھوٹی ہیں تو بھنوؤں کو ذرا نیچے کی طرف جھکا دیں آنکھوں کے گرد کاجل یا پنسل سے لائن اور صرف پلکوں کی نوکوں پر مسکارا لگائیں۔چشمہ کے لئے فریم بھاری اور بڑا نہ لیں بلکہ ہلکا سا نازک فریم لگائیں۔

 

 

 

بھنویں جیسی ہیں ویسی ہی رہنے دیں رخساروں کے ابھاروں پر شیڈ لگائیں۔ اوپر کے ہونٹ کو ذرا سا خم دے کر لپ اسٹک لگائیں۔

 

نیچے کے ہونٹ پر بھی اس طرح لگائیں اگر ٹھوڑی بہت چھوٹی ہے توچہرے کے نچلے حصے کو ذرا گہرا کر دیں اگر بلش آن آنکھوں کے حلقوں کے نیچے سے ناک کے نتھنے کی طرف قدرے گولائی میں لگائیں تو اس طرح چہرے کا تکون پن بھی کم ہو جائے گا۔

 

 

 

لمبوترہ چہرہ لمبا اور دبلا ہوتا ہے۔ چہرے کی لمبائی اور نقوش کو نمایاں کرنے کے لیے کچھ نہ کریں، سر کے بال اوپر سے دبے ہوئے اور اطراف سے پھولے ہوئے ہوں۔ مانگ سیدھی نکالیں کانوں کے اوپر کھلے ہوئے بال نہ بنائیں۔بھنویں خم والی بنائیں۔ ہونٹوں پر قدرتی شکل میں ہی لپ اسٹک لگائیں۔

 

اگر آپ اپنے لمبے چہرے کو کم کر کے چوڑا کرنا چاہتی ہیں تو اپنے دونوں رخساروں اور جبڑے کے باہر کی طرف ہلکے شیڈ کی فاؤنڈیشن لگائیں۔اس کے بعد بلشر لگائیں اس میک اپ سے آپ کا لمبا چہرہ قدرے چوڑا ہو جائے گا۔آپ آئینے میں دیکھ کر اندازہ لگائیں کہ آپ کا چہرہ درمیان میں سے چوڑا دکھائی دے گا۔

 

چوکور چہرہ بھی خوبصورتی کی علامت سمجھاجاتاہے اور دنیا کی بعض حسین ترین شخصیات اسی چہرے کی مالک ہیں ۔بالوں کاصحیح سٹائل چہرے کے اس چوکور پن کو کسی حد تک کم کر دیتا ہے او ر چہرے کو بیضوی شکل دے سکتا ہے اس لئے بال پیچھے کی طرف پھولے ہوئے اور اونچے بنائیں۔

 

 

 

بالوں کو سیدھا پیچھے کی طرف برش کریں اور پھر انہیں ہاتھ سے دبا کر اونچا کریں۔مانگ نہ نکالیں اگر آپ دبلی ہیں تو بہت اچھی بات ہے ۔

 

بھنویں بڑی اور محراب نما بنائیں انہیں زیادہ اونچی نہ بنائیں۔ جبڑے کے ابھاروں کے اوپر اور نیچے بلشر لگائیں اور مسکرانے سے جو حصہ رخساروں کا ابھرتا ہو اس پر بلشر ذرا گہرا لگائیں۔ ہونٹوں پر لپ اسٹک لگائیں۔ اس طرح آپ کے چہرے کے چوڑے پن میں کمی آ جائے گی۔

 

 

 

اپنی رائے کا اظہار کریں