زرعی شعبہ گلگت بلتستان کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، خالد خورشید

خالد خورشید نے کہا ہے کہ زرعی شعبہ گلگت بلتستان کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے سونی جواری پبلک پالیسی سینٹر اور ای پی اے کے زیر اہتمام گلگت بلتستان میں الائنس فار کلائمیٹ ایکشن پر پالیسی ڈئیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلوبل وارمنگ کی وجہ سے دنیا بھر کے درجہ حرارت میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلوبل وارمنگ کے مضر اثرات سے ماؤنٹین کمیونٹی سب سے زیادہ متاثر ہورہی ہے اور ایکو سسٹم کا سائیکل بری طرح متاثر ہورہا ہے جبکہ  زراعت سمیت پورے ملک میں پانی کا انحصار ماؤنٹین کمیونٹیز پر ہے کیونکہ یہ واٹر ٹاؤرز پر ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے موسمیاتی تبدیلیوں میں سب سے زیادہ متاثر ممالک کی فہرست میں پاکستان شامل ہے جبکہ موسمیاتی تبدیلی میں پاکستان کا کردار نہ ہونے کے برابر ہے۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے گلگت بلتستان کا درجہ حرارت بھی تیزی سے بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے گلیشیرز پگھل رہے ہیں، دریاؤں میں پانی کم ہورہا ہے اور جنگلات تیزی سے ختم ہورہے ہیں۔

ان کا کہنا  تھا کہ گلگت بلتستان نیشنل گرڈ سے منسلک نہیں، گلگت  بلتستان میں رہنے والوں کو سخت موسم کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور متبادل توانائی کے ذرائع نہ ہونے کی وجہ سے جنگلات کٹ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقامی کمیونٹی کی شراکت کیساتھ ہی دیرپا ترقی اور جنگلات کا تحفظ ممکن ہے، جس کی مثال ہے کہ  جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے ٹرافی ہنٹنگ کا اقدام انتہائی کامیاب رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں فوڈ سیکورٹی کا چیلنج درپیش ہوسکتا ہے جس کیلئے ہمیں سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا، پہلی مرتبہ موسمیاتی تبدیلیوں سے بچاؤ کیلئے مشترکہ جدوجہد کی پالیسی پر کام ہوا ہے۔

 خالد خورشید کا کہنا تھا کہ زرعی شعبہ گلگت بلتستان کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اس شعبے میں خود کفالت کیلئے سنجیدہ اقدامات کررہے ہیں اور حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں صحیح معنوں میں سیاسی نظام کا آغاز 2009 سے ہوا، ہماری ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ جعلی قوم پرستی اور جعلی فرقہ پرستی رہی ہے، دیگرصوبوں اور آزاد کشمیر میں اس قسم کی رکاوٹیں نہیں رہی اس لئے وہاں پر پالیسیز بنائے گئے اور عملی اقدامات کئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کیلئے موسمیات کا شعبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے کلائمیٹ چینج کی وزارت بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور جلد کلائمیٹ چینج کی وزارت کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

 ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بروقت موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کے پیش نظر دنیا بھر میں آگاہی پیدا کی اور پاکستان 10 بلین ٹری سونامی منصوبے کا آغاز کیا، جس کی پوری دنیا میں پذیرائی ہوئی۔

 وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں سیلاب کی روک تھام کا واحد حل جنگلات میں اضافہ ہے، جس کو مدنظر رکھتے ہوئے گلگت بلتستان میں بھی صوبائی حکومت شجرکاری مہم کے خصوصی منصوبے کا آغاز کرے گی۔

What Does Dragon Fruit Taste Like?

اپنی رائے کا اظہار کریں