کراچی کے مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ، شہریوں کا گرمی سے برا حال

کراچی میں بارش رُکنے کے بعد بجلی کا شدید بحران جاری ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے، دیہی علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہنے لگی۔

تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن، یوسف گوٹھ، جہانگیر روڈ، گرومندر اور سولجر بازار سمیت متعدد علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔

اس کے علاوہ مستٹنی علاقوں میں بھی بدترین لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ عٹمان آباد، رنچھوڑلائن، محمودآباد، دہلی کالونی، ہجرت کالونی اور گارڈن سمیت متعدد علاقوں میں بجلی بند ہے جبکہ اورنگی ٹاؤن سائٹ غریب آباد سمیت متعدد علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔

رات گئے بارش کے بعد متعدد علاقوں میں بجلی معطل ہے، کورنگی کے مختلف علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ دن میں تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔

Advertisement

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سنٹی گریڈ ہے جبکہ دن میں درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سنٹی گریڈ تک رہے گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں دن میں تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے جبکہ اس وقت  18 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔

 محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ سندھ بھر میں  18جولائی تک مون سون کے نئے سسٹم کے تحت تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔

اپنی رائے کا اظہار کریں