بغیر پرمٹ حج کی کوشش کرنے والے 300 عازمین گرفتار

سعودی عرب نے بغیر پرمٹ حج کی کوشش کرنے والے 300 عازمین کو گرفتار کرلیا ۔

سعودی عرب رواں سال 10 لاکھ عازمین حج کی میزبانی کررہا ہے ایسے میں سلطنت کی جانب سے بھرپور تیاریاں کی گئی ہیں اور سعودی حکام نے اجازت نامے کے بغیر حج کرنے کی کوشش کرنے والے تقریباً 300 افراد کو گرفتار کرکے ان پر جرمانہ عائد کردیا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق حج سیکیورٹی کے سربراہ لیفٹننٹ جنرل محمد البسامی نے کہا کہ تقریباً 288 شہریوں اور رہائشیوں کو حج کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عازمینِ حج کے لیے دنیا کا سب سے بڑا کولنگ سسٹم نصب کردیا گیا 

حج سیکیورٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ گرفتار کیے جانے والے ہر فرد پر 10 ہزار سعودی ریال یعنی تقریباً 2 ہزار 600 ڈالر جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے جب کہ حکام نے مکہ مکرمہ کے ارد گرد بھی حفاظتی حصار نافذ کرتے ہوئے سیکیورٹی کو سخت کردیا ہے۔

Advertisement

انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی کے تحت 6 ہزار 900 سے زیادہ گاڑیوں میں سوار تقریباً ایک لاکھ افراد کو شہر میں داخل ہونے سے روک دیا گیا ہے۔

اس سے قبل سعودی حکومت نے غلاف کعبہ یکم محرم کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے شاہی فرمان جاری کیا تھا جس کے مطابق  اس سال غلاف کعبہ دس ذی الحجہ عید الاضحی کو کلید بردار کعبہ کے سربراہ کے حوالے کیا جائے اور نیا غلاف یکم محرم کو پرانے کی جگہ چڑھایا جائے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے کورونا وائرس کی وجہ سے بیرون ملک مسافروں کے لیے ملک میں داخل ہونے کے حوالے سے تمام پابندیاں اور شرائط ختم کرتے ہوئے 10 لاکھ لوگوں کو حج کی اجازت دی ہے جب کہ گزشتہ سال صرف 60 ہزار سعودی شہریوں نے حج ادا کیا تھا جو مکمل ویکسینیٹڈ تھے۔

اپنی رائے کا اظہار کریں