’’ بیورو کریسی اور پولیس رویہ دُرست کر لیں کیونکہ ۔۔۔‘‘ حالات بدل رہے ہیں؟ چوہدری پرویز الٰہی کے تہلکہ خیز انکشافات

لاہور(نیوز ڈیسک) اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ نے پنجاب کی بیوروکریسی اور پولیس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی سمت درست کرلیں وقت بدل رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی نے یہ وارننگ تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کی پنجاب کی پارلیمانی پارٹیوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دی، اجلاس میں پولیس کی کارروائیوں کو انتقامی قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف مذمتی

قرار داد بھی منظور کی گئی۔اس موقع پر چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ پولیس کی جانب سے اسمبلی افسران کے گھروں پرچھاپے قابل مذمت عمل ہیں، حکومت پنجاب کو پولیس اسٹیٹ بنانا چاہتی ہے، ان کے اوچھے ہتھکنڈے اور انتقامی کارروائیاں نہیں چلنے دیں گے۔چوہدری پرویزالہیٰ نے اپنے خلاف دوبارہ تحریک عدم اعتماد جمع ہونے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ جتنی بار مرضی تحریکیں جمع کروالیں ہونا کچھ نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، ہر روز ان کے کسی نا کسی رہنما کا استعفیٰ ضرور آئے گا۔واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے منحرف رکن پنجاب اسمبلی فیصل نیازی نے آج اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دیدیا ہے۔ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی رہنما فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ الیکشن ہی مسائل کا حل ہیں۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ بھان متی کا کنبہ سازش کا حصہ بن کر اقتدار میں تو آ گیا مگر حکومت چلانے میں مکمل ناکام ہوچکا ہے۔امپورٹڈ حکومت کی تباہ کاریوں سے ملک کوبچانے کیلئے لانگ مارچ کا حصہ بنیں اور کپتان کاساتھ دے کرحقیقی آزادی کا حصول یقینی بنائیں۔پی ٹی آئی سیالکوٹ کی ٹیم لانگ مارچ کو کامیاب بنانے کیلئے پرعزم ہے۔25 مئی کو عوام کا سمندر اسلام آباد کی طرف نکلے گا جس کو روکنا امپورٹڈ حکومت کے بس کی بات نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ امپورٹڈ حکومت کی کانپیں ٹانگنے کا وقت ہوا چاہتا ہے۔حقیقی آزادی کے متوالوں کو دھونس دھمکیوں سے ڈرایا جا سکتا ہے نہ دھمکایا جاسکتا ہے۔امپورٹڈ ٹولہ سوچ سے بھی زیادہ نااہل نکما نکھٹو ثابت ہوا۔اس طرح کوئی کریانہ کی دکان نہیں چلاتا جس طرح یہ ملک چلا رہے ہیں۔تیزی سے ڈالر بڑھ رہا ,مہنگائی بڑھ رہی اورعوام میں تشویش بڑھ رہی ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ امپورٹڈ نے پی ٹی آئی حکومت کے اقدامات اوراصلاحات کا بیڑہ غرق کردیا ہے۔الیکشن ہی مسائل کا حل ہے۔خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 25 مئی کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرنے کا اعلان کردیا ، پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے گذشتہ روز پشاور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 25 مئی کو میں آپ سب کو اسلام آباد میں ملوں گا۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ساتھ ملک کے 5 دیگر شہروں میں بھی تحریک انصاف کی جانب سے دھرنوں کا امکان ہے۔ تحریک انصاف کے رہنماء فواد چوہدری نے اسلام آباد کے علاوہ 5 دیگر شہروں میں بھی دھرنوں کا عندیہ دیا ہے ، اس حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں سابق وزیربرائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ تمام قافلے اسلام آباد کی طرف جائیں گے لیکن کراچی، کوئٹہ، حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ بھی اسلام آباد بنیں گے۔

Akhtar Sardar

اپنی رائے کا اظہار کریں