شیخ خلیفہ بن زید النہیان پاکستان کے عظیم دوست تھے، آصف زرداری

آصف زرداری نے کہا ہے کہ شیخ خلیفہ بن زید النہیان پاکستان کے عظیم دوست تھے۔

اپنے ایک بیان میں سابق صدر آصف زرداری نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

آصف زرداری نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر کے سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ شیخ خلیفہ بن زید النہیان پاکستان کے عظیم دوست تھے، متحدہ عرب امارات کی ترقی میں شیخ خلیفہ بن زید النہیان کا مثالی کردار ناقابل فراموش ہے۔

سابق صدر آصف زرداری نے مزید کہا کہ شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال سے عرب خطہ ایک غیر معمولی حکمران سے محروم ہوگیا، ہم متحدہ عرب امارات کے عوام اور شاہی خاندان کے ساتھ دکھ میں شریک ہیں۔

واضح رہے کہ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یو اے ای کے صدر اور ابو ظہبیٰ کے حکمران شیخ خلیفہ بن زائد النہیان انتقال کرگئے ہیں۔

اس حوالے سے متحدہ عرب امارات کی وزارت برائے صدارتی امور کی جانب سے ابو ظہبیٰ کے حکمران شیخ خلیفہ بن زائد النہیان کے انتقال پر 40 دن کے سوگ کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ وزارت کی جانب سے جاری اعلان میں 3 دن کی عام تعطیل کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

وزارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اس دوران متحدہ عرب امارات کے قومی پرچم بھی سرنگوں رہیں گے جب کہ یو اے ای کی تمام وزارتوں اور اداروں میں کام آج سے ہی روک دیا گیا ہے جبکہ وفاقی اور مقامی اداروں میں بھی کسی قسم کا کام نہیں کیا جائے گا۔

اپنی رائے کا اظہار کریں