یو اے ای کی ترقی کیلئے شیخ خلیفہ بن زیدالنہیان نے اہم کردار ادا کیا ہے، چیئرمین سینیٹ

چیئرمین سینیٹ نے کہا ہے کہ یو اے ای کی ترقی و خوشحالی کیلئے شیخ خلیفہ بن زیدالنہیان نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یو اے ای کی ترقی و خوشحالی کیلئے شیخ خلیفہ بن زیدالنہیان نے اہم کردار ادا کیا ہے، مسلم اُمہ کے اتحاد و یکجہتی کیلئے بھی ان کی خدمات قابل قدر ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے یہ بھی کہا کہ شیخ خلیفہ بن زیدالنہیان کی سربراہی میں متحدہ عرب امارات نے دن دگنی رات چگنی ترقی کی، مرحوم شیخ خلیفہ بن زیدالنہیان کی معاشی اور عوام دوستی پالیسوں کی بدولت یو اے ای نے ترقی کے بے شمار منازل طے کیے۔

صادق سنجرانی کا مزید کہنا تھا کہ ان کے دور میں پاکستان اور یو اے ای کے مابین تعلقات کو کافی فروغ ملا، دونوں ممالک نے ان کے دور میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے استفادہ کیا۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے شیخ خلیفہ بن زیدالنہیان کے خاندان سے تعزیت کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے مرحوم کی مغفرت، بلندی درجات اور سوگوارن کو یہ صدمہ حوصلے اور صبر سے برداشت کرنے کی دعا بھی کی۔

واضح رہے کہ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یو اے ای کے صدر اور ابو ظہبیٰ کے حکمران شیخ خلیفہ بن زائد النہیان انتقال کرگئے ہیں۔

اس حوالے سے متحدہ عرب امارات کی وزارت برائے صدارتی امور کی جانب سے ابو ظہبیٰ کے حکمران شیخ خلیفہ بن زائد النہیان کے انتقال پر 40 دن کے سوگ کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ وزارت کی جانب سے جاری اعلان میں 3 دن کی عام تعطیل کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

وزارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اس دوران متحدہ عرب امارات کے قومی پرچم بھی سرنگوں رہیں گے جب کہ یو اے ای کی تمام وزارتوں اور اداروں میں کام آج سے ہی روک دیا گیا ہے جبکہ وفاقی اور مقامی اداروں میں بھی کسی قسم کا کام نہیں کیا جائے گا۔

اپنی رائے کا اظہار کریں