این سی او سی نے تعلیمی اداروں کو ایک ہفتے کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا

این سی او سی نے تعلیمی اداروں کو ایک ہفتے کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ان تعلیمی اداروں کو ایک ہفتے کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے جن میں کورونا کی شرح زیادہ ہے۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ  وفاق کی اکائیاں 12 سال سے زائد عمرطلبہ کو  ویکسینیشن لگانے کیلئے خصوصی مہم کا آغاز کریں اور سو فیصد ویکسینیشن یقینی بنائیں۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ تعلیی اداروں میں آئندہ دو ہفتوں کیلئے بڑے پیمانے پر کورونا ٹیسٹنگ کی جائے اور خاص طور پر ان تعلیمی اداروں میں ٹیسٹنگ کو یقینی بنایا جائے جو ان علاقوں میں ہیں جہاں کورونا کی شرح زیادہ ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا سے اموات کا سلسلہ بڑھ رہا ہے ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 23 افراد جاں بحق ہو گئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کورونا سے مجموعی اموات کی تعداد 29 ہزار 65 ہو گئی ہے۔
این سی او سی کے مطابق ایکٹیو کیسز کی تعداد 57 ہزار 935 ہے۔

ملک بھرمیں 13 لاکھ 53 ہزار 479 افراد کورونا سے متاثر ہوئے، 12 لاکھ 66 ہزار 479 صحت یاب ہو چکے ہیں۔

این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق 7 ہزار 678 نئے مریض سامنے آئے ہیں، پاکستان میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 12.93 ریکارڈ کی گئی۔

کورونا کیسز کی سب سے زیادہ تعداد صوبہ سندھ میں 5 لاکھ 16 ہزار 874 ،پنجاب 4 لاکھ 58 ہزار 879 ، خیبر پختونخوا ایک لاکھ 83 ہزار 403، بلوچستان میں 33 ہزار 812 کیسز رپورٹ ہوئے۔ اسلام آباد میں ایک لاکھ 15 ہزار 47، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 467 کیسز جبکہ آزاد کشمیر میں کورونا مریضوں کی تعداد 34 ہزار 997 ہو گئی ہے۔

اپنی رائے کا اظہار کریں