
ساہیوال (ارشد سردار چودھری )ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل سید عثمان منیر بخاری نے کہا ہے کہ انتظامیہ تشدد کا شکار خواتین کی بازیابی، تحفظ، پناہ گاہ اور بحالی کے لئے تعاون جاری رکھے گی اور انتظامی محکموں کے درمیان باہمی رابطوں کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
انہوں نے سیکرٹری آر ٹی اے کو ہدایت کی کہ خواتین کے تحفظ کے لئے قائم وومن پروٹیکشن سنٹرز بارے آگہی کے لئے شہر سے چلنے والی لوکل ٹرانسپورٹ اور رکشوں پر تشہیر کی جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منٹگمری ہال میں ڈسٹرکٹ وومن پروٹیکشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں سوشل ویلفیئر آفیسر عکاشہ رسول، ڈسٹرکٹ وومن پروٹیکشن آفیسر فوزیہ جبیں،وومن پروٹیکشن آفیسر سمیرا شاہین،، لاء آفیسر عمران شیرازی سمیت صحت، پولیس، ٹرانسپورٹ کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اے ڈی سی جنرل سید عثمان منیر بخاری نے کہا کہ تمام سرکاری دفاتر، ہسپتالوں میں خواتین کے حقوق بارے آگہی کے لئے پینا فلیکسز آویزاں کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے خواتین کو وہ حقوق دیے ہیں جو کسی اور مذہب نے نہیں دیے اور زندگی کے ہر شعبے میں خواتین کا کردار ناقابل فراموش ہے اس لئے خواتین کو تحفظ فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے تمام محکموں پر زور دیا کہ خواتین کو فوری ریسکیو کرنے کیلئے باہمی رابطے میں رہیں۔ اجلاس کے دوران پنجاب پروٹیکشن آف وومن ایکٹ کے نفاذ بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔