کمشنر ساہیوال علی بہادر قاضی کی زیر صدارت ڈویژن میں جاری ترقیاتی سکیموں پر کام کا جائزہ اجلاس

akhtarsardar.com
کمشنر ساہیوال علی بہادر قاضی کی زیر صدارت ڈویژن میں جاری ترقیاتی سکیموں پر کام کا جائزہ اجلاس
مختلف پروگراموں کے تحت 595سکیموں پر کام جاری ہے جن پر لاگت کا کل تخمینہ 35ارب 33کروڑ روپے ہے
سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 194سکیموں پر 31ارب 35کروڑ 50لاکھ روپے خرچ ہو رہے ہیں۔ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ احمد خاور شہزاد کی بریفنگ
کمشنر کا سالانہ ترقیاتی پروگرام کے 117نئے منصوبوں میں سے 25کا ابھی تک ورک آرڈر جاری نہ کرنے پر اظہار ناراضگی
ساہیوال( ارشد سردار چودھری سے )کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی کی زیر صدارت ڈویژن میں جاری مختلف ترقیاتی کاموں کے منصوبوں پر جاری کام کا جائزہ لینے کے لئے ایک خصوصی اجلاس کمشنر آفس میں منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ احمد خاور شہزاد کے علاوہ تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے ڈویژنل افسران نے شرکت کی۔
کمشنر نے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے 117نئے منصوبوں میں سے 25کا ابھی تک ورک آرڈر جاری نہ ہونے پر ناراضگی کا اظہار کیا اور محکمہ بلڈنگ اور پبلک ہیلتھ کو خصوصی ہدایت کی کہ تمام زیر التوا پیپر ورک فوری مکمل کر کے ورک آرڈر جاری کئے جائیں تاکہ منصوبوں پر کام کا آغاز ہو سکے۔ انہوں نے معیاری کام کو یقینی بنانے کے لئے ڈپٹی کمشنر ز کو ہدایت کی کہ وہ ذاتی طور پر کام کی نگرانی کریں اور موقع پر جا کرمنصوبوں کا معائنہ کریں۔
ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ احمد خاور شہزاد نے اجلاس کو بتایا کہ ساہیوال ڈویژن میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 194منصوبوں پر کام جاری ہے جن میں سے 117نئے ہیں۔ ان پر لاگت کا کل تخمینہ 31ارب 35کروڑ 50لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔اسی طرح کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 262سکیمیں مکمل کی جا رہی ہیں جن پر 2ارب 11کروڑ 50لاکھ روپے خرچ ہونگے جبکہ سوشل ایکشن پروگرام کے تحت 80کروڑ 80لاکھ روپے سے 130سکیمیں مکمل کی جا رہی ہیں۔
کمشنر علی بہادر قاضی نے صوبائی حکومت کی طرف سے جاری فنڈز کے بروقت استعمال کی ضرورت پر زور دیااور کہا کہ فیزیکل پراگریس کے ساتھ ساتھ فنانشل پراگراس کو بھی برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے سوشل ایکشن پروگرام کے فیز IVکے تحت ضلع ساہیوال کی 35کروڑ روپے کی سکیموں کی نشاندہی میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ متعلقہ محکمہ ان سکیموں کو جلد حتمی شکل دے تاکہ کام کا بروقت آغاز ہو سکے۔

اپنی رائے کا اظہار کریں